خیبر پختونخوا میں 7 تا 12 جون کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

جمعہ 6 جون 2025 11:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) خیبر پختونخوا میں 7 تا 12 جون کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق عید کے دوران درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھنے کا امکان ہے، جنوبی و وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔شدید گرمی کے باعث گرد و غبار اور تیز ہواؤں کا بھی خدشہ ہے، گرمی اور خشک موسمی حالات سے ہیٹ سٹروک اور آبی ذخائر پر پانی کے دباؤ کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے کے مطابق گرمی کی شدت سے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ممکن ہے، عوام کو غیر ضروری طور پر سورج کی روشنی سے بچنے اور پانی کا استعمال بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔مراسلے میں کسانوں کو فصلوں کی کٹائی کے دوران احتیاط برتنے اور جانوروں کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق عوامی آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو گرمی کی لہر سے باخبر رکھا جائے، بچے صبح 10 تا شام 5کے اوقات میں براہ راست سورج میں نہ نکلیں، تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔

متعلقہ عنوان :