Live Updates

زرعی پیداوار بڑھانے اور غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہائبرڈ بیجوں کا استعمال انتہائی ضروری ہے، شاہد عمران

جمعہ 6 جون 2025 14:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ زرعی پیداوار بڑھانے اور غذائی عدم تحفظ کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام فصلوں میں ہائبرڈ بیجوں کا استعمال انتہائی ضروری ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں ساہیوال سے چوہدری محمد آصف آرائیں کی سربراہی میں ترقی پسند کسانوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے، وفد میں شہروز اور شہیر بھی شامل تھے۔

شاہد عمران نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور کم ہوتی ہوئی قابل کاشت اراضی کی وجہ سے اب روایتی کاشتکاری اور بیجوں کی روایتی اقسام غذائی ضرورت کو پورا نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی تاریخ میں 30 سال قبل مسلسل تجربات کے بعد پہلی بار کامیابی کے ساتھ بین الاقوامی معیار کے عین مطابق جدید ترین گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز کے ہائبرڈ بیج زیادہ پیداوار دینے کے علاوہ کیڑوں و بیماریوں کے خلاف زیادہ مزاحم ہیں اور موسمیاتی تغیرات سے مطابقت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے بیجوں کا استعمال پائیدار کاشتکاری کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم، چاول، مکئی اور سبزیوں جیسی بڑی فصلوں کے ہائبرڈ بیجوں کو اپنا کر پاکستان فی ایکڑ پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف خوراک کی فراہمی میں اضافہ ہوگا بلکہ کسانوں کی آمدنی میں بھی بہتری آئے گی اور خوراک کی درآمدات پر انحصار کم ہوگا۔ شاہد عمران نے کہا کہ اس حکمت عملی کی کامیابی کے لیے معاون پالیسیاں، کسانوں کی تربیت اور تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ ٹیکنالوجی کو اپنانا غذائی تحفظ اور زرعی لچک کی جانب انتہائی ضروری قدم ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات