عید الاضحی پر سکیورٹی اور دیگر حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا، محکمہ داخلہ پنجاب

جمعہ 6 جون 2025 15:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) محکمہ داخلہ پنجاب نے عید الاضحی پر سکیورٹی اور دیگر حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا۔ محکمہ داخلہ کا انٹرنل سکیورٹی کنٹرول روم پنجاب بھر سے 24/7رپورٹس مرتب کریگا۔ ترجمان کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب کی قیادت میں عید کی چھٹیوں کے دوران سکیورٹی پلان کی نگرانی جاری ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق کسی بھی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ اور سرٹیفکیٹ کے حامل ادارے ہی کھالیں وصول کر سکیں گے۔ محکمہ داخلہ نے عید الاضحی کے موقع پر دفعہ 144کے تحت مختلف پابندیاں نافذ کی ہیں جن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

عوامی مقامات پر سری پائے جلانے، جانوروں کے فضلے کو مین ہولز یا نہروں میں پھینکنے، دریاں، ندی نالوں اور ڈیمز میں نہانے یا کشتی رانی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ نے صوبہ بھر میں ہوائی اڈوں اور ائیربیسز کے گرد 15کلومیٹر کی حدود میں دفعہ 144نافذ ہے جس کے تحت کبوتربازی، آتش بازی، ڈرون، لیزر لائٹس کے استعمال اور آلائشیں پھینکنے پر پابندی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد فلائٹ سیفٹی اور انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔ محکمہ داخلہ نے عید الاضحی کے دوران عارضی طور پر نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ شہریوں خصوصا بچوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ صوبہ بھر میں کہیں بھی غیر قانونی مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں ہے۔ تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :