16 لاکھ سے زائد خوش نصیبوں نے حج کی سعادت حاصل کی، سعودی حکومت

حجاج میں 8 لاکھ 77 ہزار 841 مرد اور 7 لاکھ 95 ہزار 389 خواتین شامل تھیں، جسے ایک متوازن تناسب قرار دیا جا رہا ہے

جمعہ 6 جون 2025 19:00

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2025ء) سعودی وزارت شماریات کے مطابق اس سال 16 لاکھ 73 ہزار 230 عازمین نے فریضہ حج ادا کیا۔ان میں سے 15 لاکھ 6 ہزار 576 حجاج کرام 171 مختلف ممالک سے آئے، جب کہ سعودی عرب کے اندر سے 1 لاکھ 66 ہزار 654 افراد نے حج ادا کیا۔حجاج کرام میں 8 لاکھ 77 ہزار 841 مرد اور 7 لاکھ 95 ہزار 389 خواتین شامل تھیں، جسے تاریخ کا ایک متوازن تناسب قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

رکنِ اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی جمعرات کے روز مکمل ہوئی، جس کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوئے، جہاں مغرب اور عشائ کی نمازیں قصر و جمع کر کے ادا کی گئیں۔حج خطبہ میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی: ‘‘اے اللہ! فلسطینیوں کو امن عطا فرما اور دشمنوں پر انہیں غالب کر دے۔’’فجر کے بعد حجاج منٰی روانہ ہوئے، جہاں رمی جمرات (کنکریاں مارنا)، قربانی اور احرام کھولنے کے مناسک ادا کیے گئے۔