Live Updates

نریندر مودی کو ابھی تک جی7اجلاس میں شرکت کی دعوت موصول نہیں ہوئی

جمعہ 6 جون 2025 19:42

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ابھی تک کینیڈا میں منعقد ہونے والے جی7 سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے۔ کینیڈا کیساتھ تعلقات میں کشیدگی کے بعد 6برس میں یہ پہلا موقع ہے جب بھارت کو جی7 اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے،جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی ظاہر ہوتی ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جی7 سربراہی اجلاس15سے 17جون تک کینیڈا میں منعقد ہو رہاہے۔ نئی دلی میں بھارتی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایاکہ ابھی تک نریندر مودی کو اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ موصول نہیں ہوا ہے۔وزارت کے ترجمان رندھیر جیسوال نے 22 ئی کو نامہ نگاروں کو بتایاتھا، انکے پاس ندریندر مودی کے اجلاس میں شرکت کے بارے میں اس وقت کوئی معلومات موجودنہیں ہیں۔

(جاری ہے)

کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ اجلاس کے شرکاء کی تصدیق مناسب وقت پر کی جائیگی ۔ بھارت جی 7کا رکن نہیں ہے، جو دنیا کے سات امیر ترین ممالک کا ایک گروپ ہے۔ گروپ میں امریکہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس، اٹلی، کینیڈا اور جاپان شامل ہیں۔تاہم بھارت کو 2019سے ہر سال اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔کینیڈا میں سکھ رہنمائوں کے قتل اوردیگر جرائم میں مودی حکومت کے ملوث ہونے کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں ۔

سکھ خالصتان کے نام سے بھارت سے ایک علیحدہ آزادوطن کی کوشش کررہے ہیں ۔ ستمبر 2023میں اس وقت وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ممتاز سکھ رہنما اورکینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا انکشاف کیاتھا،جس کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کشیدہ اور سفارتی روابط منقطع ہیں۔کینیڈا نے گروپ کے دیگر ممالک رہنمائوں کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی ہے جن میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی، آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانی اور میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام شامل ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات