جیکب آباد،بڑھتی بدامنی اور جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے نائب امیر مفتی عبدالشکور کوسو کے گھر ہر بھتہ خور ڈاکوؤں کی فائرنگ کے خلاف مظاہرہ

nٹائر جلاکر 3 گھنٹے پریس کلب کے سامنے دہرنا اور روڈ بلاک

جمعہ 6 جون 2025 22:06

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2025ء)جیکب آباد.بڑھتی بدامنی اور جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے نائب امیر مفتی عبدالشکور کوسو کے گھر ہر بھتہ خور ڈاکوؤں کی فائرنگ کے خلاف مظاہرہ ،ٹائر جلاکر 3 گھنٹے پریس کلب کے سامنے دہرنا اور روڈ بلاک۔تفصیلات کے مطابق جمیعت علماء اسلام ضلع جیکب آباد کے نائب امیر مفتی عبدالشکور کوسو کے گھر پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ اور بھتہ نہ دینے پر ملنے والی دھمکیوں کے خلاف جے یو آئی اور شہریوں کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہرہ، مارچ اور دھرنا جے یو آئی ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، ڈاکٹر خلیل احمد کوسو، عبدالقادر چنہ، سید عبدالباسط شاہ، مولانا عبدالمالک گھنیو، قاری عنایت اللہ مہر، مولانا تاج محمد بھٹی، میر حسن برڑو، انیس الرحمان سومرو اور مولانا رب نواز برڑو کی قیادت میں بائی پاس سے نکالا گیا۔

(جاری ہے)

سینکڑوں مظاہرین نے شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کرکے "بدامنی نامنظور" "بھتہ خوروں کو لگام دو"، اور "مفتی عبدالشکور پر حملہ شیم شیم کے نعرے لگائے۔مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے ٹائروں کو آگ لگا کر تین گھنٹے ٹریفک معطل کردی جس کے سبب روڈ بلاک ہوگیا ،اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدامنی، چوری، اغوا اور اسٹریٹ کرائم روز کا معمول بن چکے ہیں جبکہ بھتہ خوروں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کوسو اور ان کے اہل خانہ کو کئی بار موبائل فون کے ذریعے بھتے کی دھمکیاں دی گئیں جن کی شکایات ایس ایس پی جیکب آباد کو دی گئیں، مگر پولیس کی مبینہ غفلت کے باعث ان کے گھر پر رات کی تاریکی میں جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔لیکن جوابی فائرنگ میں حملہ آور فرار ہوگئے۔ گھر کی دیواروں پر گولیوں کے نشانات موجود ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان اور ان کے سرپرستوں کو فوری گرفتار کیا جائے، جے یو آئی رہنماؤں اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور ایس ایس پی آفیس جیکب آباد کے باہر دہرنے دینگے ۔