شہر قائد میں عیدالاضحی کا دوسرادن مذہبی جوش و خروش، جذبہ ایثار اور سماجی ہم آہنگی کے ساتھ منایا جارہا ہے

اتوار 8 جون 2025 12:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) ملک بھر کی طرح شہر قائد میں بھی عیدالاضحٰی کا دوسرا دن مذہبی جوش و خروش، جذبہ ایثار اور سماجی ہم آہنگی کے ساتھ منایاجارہا ہے۔کراچی میں عید الاضحٰی کے دوسرے روز بھی شہری سنتِ ابراہیمی کی پیروی کررہے ہیں جبکہ گوشت کی تقسیم، دعوتوں، ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور عزیز و اقارب ،ہمسایوں، مستحقین اور غربامیں گوشت بھی تقسیم کیا جارہاہے ۔

(جاری ہے)

عید الاضحی کے دوسرے روزشہری اپنے رشتے داروں کے گھروں کا رخ کرکے مختلف چٹ پٹے پکوانوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں جن میں کڑاہی گوشت، بریانی، کباب ، قورمہ اور دیگرپکوان شامل ہیں ۔اس موقع پر خواتین گھروں میں خاص کھانے تیار کر رتیں ہیں اور مختلف رشتہ داروں کو مدعو کیا جاتا ہے جبکہ بچے جانوروں کی دیکھ بھال، گوشت کی تقسیم اور عیدی کے مزے لوٹنے میں مصروف رہتے ہیں۔عید کے دوسرے روزشہریوں نے بڑی تعداد میں ساحل علاقوں، تفریحی مقامات کا بھی رخ کیا جس میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل تھی۔اس موقع پر صفائی کے لیے بلدیاتی اداروں نے آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی مقرر کر رکھی ہیں۔