پنجاب میں ریکارڈ گرمی، عید کے تیسرے دن سورج آگ برسانے لگا، شہری نڈھال

محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز کے دوران موسم خشک اور شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کردی

Sajid Ali ساجد علی پیر 9 جون 2025 11:15

پنجاب میں ریکارڈ گرمی، عید کے تیسرے دن سورج آگ برسانے لگا، شہری نڈھال
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جون 2025ء ) پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت صوبے بھر میں گرمی کی شدت میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے، سورج آگ برسا رہا ہے جس کی وجہ سے شہری نڈھال ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز لاہور میں گرمی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے، اس صورتحال میں محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت کا ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیوں کہ آج صبح سویرے ہی سورج کی تپش نے شہریوں کا برا حال کردیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، گرمی کی شدت بڑھنے کی وجہ سے پیاس بجھانے کے لیے ٹھنڈے مشروبات کی مانگ بڑھ چکی ہے، جس کے باعث ٹھنڈے پانی، شربت اور آئس کریم کی دکانوں پر شہریوں کا رش دیکھا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 روز کے دوران موسم خشک اور شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے اس صورتحال میں شہریوں کو سخت احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ماہرین صحت نے کہا ہے کہ شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگر باہر جانا ناگزیر ہو تو سر کو کپڑے یا چھتری سے ڈھانپ کر رکھیں، زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو، گرمی کی شدت کے پیش نظر خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور مریضوں کو زیادہ محتاط رہنا ہوگا۔