Live Updates

بھارت :منی پورمیں کشیدگی ،کرفیو نافذ، انٹرنیٹ وموبائل سروسز معطل

امپھال ویسٹ میں ارم بائی تینگول تنظیم کے لیڈر کی گرفتای کے بعد تشدد پھوٹ پڑا

پیر 9 جون 2025 11:40

امپھال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پورمیں ایک بار پھر حالات قابو سے باہر ہوتے جارہے ہیں اوربھارتی حکام نے پانچ اضلاع میں انٹرنیٹ اورموبائل سروسزمعطل اورکچھ علاقوںمیں کرفیونافذکردیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امپھال ویسٹ میں ارم بائی تینگول تنظیم کے لیڈر کی گرفتای کے بعد تشدد پھوٹ پڑاہے جس کے بعد پانچ اضلاع میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز معطل کردی گئی ہیںجبکہ وشنو پور میں کرفیو نافذ کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

منی پور کے جن اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات بند کی گئی ہیں ان میں امپھال ویسٹ، امپھال ایسٹ، تھوبل، بشنو پور اور کاکچنگ شامل ہیں۔ان علاقوں میں حالات کشیدہ ہیں۔ انتظامیہ نے انٹرنیت سروسز کو معطل کردیا ہے تاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے اشتعال انگیز پیغامات، تصاویر اور ویڈیوز کی تشہیر کو روکا جاسکے۔ مظاہرین میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں جو میتی رضاکار گروپ آرام بائی ٹینگول کے رکن ہیں جن پر کوکی قبائل نسلی تنازعہ کے دوران ان کے گائوں پر حملہ کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔ انہوں نے سڑکوں پر ٹائر جلائے اور وہ اپنے لیڈر کنن سنگھ کی گرفتاری کے خلاف نعرے لگارہے تھے اوران کی رہائی کا مطالبہ کررہے تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات