Live Updates

گرو ارجن دیوجی کی رسومات،بھارت نے سکھ یاتیروں کوپاکستان آنے سے روک دیا

بھارت کی جانب سے سکھ یاتریوں کو روکنے کی اطلاع کے باوجود واہگہ بارڈر پر علامتی استقبال کرنے کا فیصلہ

پیر 9 جون 2025 12:55

نئی دہلی ، لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق بھارت نے گرو ارجن دیوجی کے شہیدی دن کی رسومات میں آنے والے سکھ یاتریوں کو بھارت نے پاکستان آنے سے روک دیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سکھ یاتریوں نے 9 جون کو گرو ارجن دیو کے شہیدی دن کی رسومات کے لیے پاکستان آنا تھا۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی سکھ یاتریوں کی عدم آمد پر واہگہ بارڈر پر علامتی استقبال کریں گے، واہگہ بارڈر پر یاتریوں کے علامتی استقبال کے لیے استقبالیہ اسٹیج تیار کیا گیاہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان سکھ گرود وارہ پربندھک کمیٹی واہگہ بارڈر پر یاتریوں کا انتظارکرے گی۔ادھربھارت کی جانب سے سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے سے روک دیے جانے کے اطلاعات کے باوجود پاکستان میں واہگہ بارڈر پر سکھ یاتریوں کا علامتی استقبال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے ارکان بھارتی یاتریوں کا انتظار کریں گے اور استقبال کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ریڈ کارپٹ بچھایا جائے گا۔

ایڈیشنل سیکریٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی عدم موجودگی کے باوجود استقبال علامتی طور پر ہوگا تاکہ دنیا کو پاکستان کا اقلیت نواز، دوست اور بین المذاہب ہم آہنگی پر مبنی چہرہ دکھایا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ گورو ارجن دیو جی کی قربانی امن، برداشت اور مذہبی آزادی کی علامت ہے، اور ان کی تعلیمات آج بھی بین المذاہب رواداری کا پیغام دیتی ہیں۔

پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے مطابق ہر سال معاہدے کے تحت بھارتی یاتری 9 جون کو گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی رسومات کے لیے پاکستان آتے ہیں، تاہم اس بار بھارتی حکومت نے یاتریوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی۔بھارتی حکومت کے سکھ یاتریوں کے خلاف اقدامات کے باوجود پاکستان کی طرف سے تمام انتظامات مکمل ہیں اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں اور واہگہ بارڈر پر استقبال کیا جائے گا۔چیئرمین بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود کی ہدایت پر تمام شعبہ جات کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔سیف اللہ کھوکھر کے مطابق اگر یاتری پاکستان آتے تو انہیں ہمیشہ کی طرح بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جاتیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات