Live Updates

پاکستان سپورٹس بورڈ کا 'فٹ بال فار سکولز' پروگرام کے لیے فیفا کی دعوت پر خیرمقدم، فیڈریشن کی بحالی کے بعد فٹ بال کی درست سمت میں پیش رفت قرار

پیر 9 جون 2025 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو فیفا کی جانب سے 'فٹ بال فار سکولز' (ایف فار ایس) پروگرام میں شرکت کی خصوصی دعوت کو ایک مثبت اور بروقت پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے۔ پی ایس بی کے مطابق حالیہ انتخابات کے بعد فٹ بال فیڈریشن کی باقاعدہ تشکیل اور مکمل فعال حیثیت حاصل کرنا پاکستان میں فٹ بال کے لیے ایک نیا آغاز ہے اور فیفا کی یہ دعوت ملک میں فٹ بال کو سکول سطح پر فروغ دینے کے لیے سنہری موقع ہے۔

اس پروگرام میں پاکستان کی شرکت کی صورت میں ملک بھر کے 4 سے 14 سال کے بچوں کے لیے 1,64,940 فٹ بال فراہم کی جائیں گی جبکہ 50,000 امریکی ڈالر کی ایک مرتبہ گرانٹ بھی دی جائے گی تاکہ اس پروگرام کا آغاز موثر طریقے سے کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

پاکستان سپورٹس بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ یہ ایک درست سمت میں قدم ہے، فٹ بال فیڈریشن کی تنظیم نو کے بعد اب ہمارے پاس موقع ہے کہ اسکول سطح پر کھیلوں کو دوبارہ فعال کیا جائے، صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے اور نئی نسل کو کھیل کے میدان سے جوڑا جائے۔

پروگرام کے تحت سکولز اور اساتذہ کو 'فٹ بال فار سکولز' کی خصوصی موبائل ایپ تک رسائی دی جائے گی جس میں تربیتی مواد اور تدریسی رہنمائی شامل ہو گی۔ ساتھ ہی فیفا ماہرین کی ٹیم پاکستان میں آن گرائونڈ یا آن لائن ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد بھی کرے گی تاکہ فزیکل ایجوکیشن انسٹرکٹرز کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جا سکے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن اس بین الاقوامی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی اور ملک میں فٹ بال کے روشن مستقبل کی بنیاد سکولوں سے رکھی جائے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات