اسرائیلی قابض فورس کی فائرنگ سے رفح میں امداد کے منتظر 8 فلسطینی شہید

پیر 9 جون 2025 15:50

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) اسرائیلی قابض فورس نے بلا اشتعال فائرنگ کر کے رفح میں امداد کے منتظر 8 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ، غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح کے قریب خوراک کی امداد کے منتظر آٹھ فلسطینیوں کو پیر کی صبح اسرائیلی قابض فوج نے گولیاں مار کرشہید کر دیا۔

(جاری ہے)

شہید افراد عام شہریوں کے ہجوم میں شامل تھے جو رفح کے مغرب میں امریکی امداد کی تقسیم کے مرکز کے قریب خوراک کی امداد کے منتظر تھے کہ اسرائیلی فورسز نے ان پر فائرنگ کر دی۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نےپیر کو رفح کے قریب الاخوہ میں امدادی مقام کے قریب انتظار کر رہے افراد پر بمباری کر دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 فلسطینی شہید ہو گئے، جس کے بعد غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کی جانب سے آپریشن شروع کرنے کے بعد سے امداد کی تلاش میں شہید ہونے والوں کی تعداد 118 ہو گئی۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد سے غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں کم از کم54,880فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 126,227 زخمی ہو چکے ہیں ۔