رحیم یارخان ،عیدالاضحی پرصفائی کیلئے ستھرا پنجاب ٹیم کے شاندار انتظامات

پیر 9 جون 2025 17:30

رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)عیدالاضحی کے تین روزہ تعطیلات کے دوران تحصیل رحیم یارخان کی صفائی کے لیے ستھرا پنجاب ٹیم نے شاندار انتظامات کرکے شہریوں کو حیران کن سطح کی صفائی فراہم کی عید کے ایام میں جہاں عوام کی بڑی تعداد مذہبی تہوار کی خوشیوں میں مصروف رہی، وہیں ستھرا پنجاب ٹیم نے دیہاتوں، شہر کی گلیوں، سڑکوں اور بازاروں میں صفائی کا کمال مظاہرہ کیاشہریوں نے اس انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ عیدالاضحی کے دوران اس سطح کی صفائی دیکھنے کو ملی ہے۔

مختلف مقامات پر صفائی کا عمل بلا تعطل جاری رہا اور خاص طور پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کی صفائی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کیے گئے جو قابل تعریف ہے شہریوں کا کہنا تھا کہ "یہ وہ کام ہے جس کی توقع نہیں تھی، ہم نے عید کی خوشیوں کو پوری طرح سے محسوس کیا اور صفائی کی بدولت گلیوں میں گھومنا زیادہ آسان اور خوشگوار رہا۔

(جاری ہے)

" شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے عملے نے کام کو بہترین طریقے سے انجام دیا، جس پر شہریوں نے ستھرا پنجاب ٹیم کی محنت کو سراہا تفصیل کے مطابق ستھرا پنجاب ٹیم نے عید کے دوران بڑھتی ہوئی صفائی کی ضرورت کو سمجھتے ہوئے ہر علاقے میں خصوصی ٹیمیں تعینات کیں۔

ٹیموں نے رات دن کی محنت کے ساتھ دیہاتوں اور شہر بھر میں صفائی کے کاموں کو مکمل کیا، تاکہ عید کے دنوں میں کسی قسم کی تکلیف یا بدبو کا سامنا نہ ہو۔اس حوالے سے ستھرا پنجاب ٹیم کے آپریشنز مینجر عبدالسمیع نے بتایا کہ "ہم نے عید کے دوران خصوصی صفائی مہم چلائی تھی تاکہ شہر میں کسی قسم کی صفائی کی کمی نہ ہو۔ ہماری کوشش تھی کہ شہری عید کی خوشیوں کا بھرپور فائدہ اٹھا سکیں، اور ہم کامیاب ہوئے ہیں۔

عیدالاضحی کی صفائی کی اس شاندار مہم کو شہریوں نے ایک نئے معیار کے طور پر دیکھا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی ایسی صفائی کی سطح برقرار رکھی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر قندیل فاطمہ ایڈمسٹریٹر عرفان انور اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے ستھرا پنجاب ٹیم کے کام کا مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہوئے ناصرف اطمینان کا اظہار کیا بلکہ ٹیم کو شاباش بھی دی اور ان کی محنت اور کارکردگی کو سراہا۔

دونوں افسران نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ٹیم کی کاوشوں سے علاقے کی صفائی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور عوامی صحت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔اس موقع پر، اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ 'ستھرا پنجاب' جیسے پروجیکٹس نہ صرف ماحول کو بہتر بنانے میں مددگار ہیں بلکہ شہریوں کی زندگی کی معیار میں بھی بہتری لاتے ہیں۔ یاد رہے کہ 'ستھرا پنجاب' مہم کا مقصد پنجاب کے مختلف شہروں میں صفائی ستھرائی اور ماحول کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھانا ہے۔

متعلقہ عنوان :