ملک میں گدھوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو گیا

بھینسوں، بکریوں سمیت دیگر مویشیوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہو گیا

پیر 9 جون 2025 19:10

ملک میں گدھوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)ملک میں گدھوں سمیت مختلف مویشیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران گدھوں کی تعداد میں 1 لاکھ 9 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ملک میں گدھوں کی مجموعی تعداد 59 لاکھ 38 ہزار سے بڑھ کر 60 لاکھ 47 ہزار ہو گئی ہے۔دستاویز کے مطابق بھینسوں کی تعداد میں 13 لاکھ 78 ہزار کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور ان کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 63 لاکھ 10 ہزار سے بڑھ کر 4 کروڑ 76 لاکھ 88 ہزار ہو گئی ہے۔

اسی طرح بھیڑوں کی تعداد میں 3 لاکھ 88 ہزار کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کی کل تعداد 3 کروڑ 27 لاکھ 31 ہزار سے بڑھ کر 3 کروڑ 31 لاکھ 19 ہزار ہو گئی۔رپورٹ کے مطابق بکریوں کی تعداد میں سب سے زیادہ 23 لاکھ 58 ہزار کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد بکریوں کی تعداد 8 کروڑ 70 لاکھ 35 ہزار سے بڑھ کر 8 کروڑ 93 لاکھ 93 ہزار ہو گئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح اونٹوں کی تعداد میں بھی 14 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، اور اب اونٹوں کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 63 ہزار سے بڑھ کر 11 لاکھ 77 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر ملک میں مویشیوں کی تعداد میں 21 لاکھ 71 ہزار کا اضافہ ہوا، اور ان کی تعداد 5 کروڑ 75 لاکھ 40 ہزار سے بڑھ کر 5 کروڑ 97 لاکھ 11 ہزار تک جا پہنچی ہے۔

متعلقہ عنوان :