وزیراعظم کا وفاقی کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان

مصیبت کی گھڑی میں متاثرہ لوگوں کی مدد و بحالی یقینی بنانی ہے، یہ سیاست نہیں لوگوں کی خدمت کرنے کا وقت ہے، آخری شخص تک مدد اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی یقینی بنائی جائے گی؛ اجلاس میں اظہارخیال

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 اگست 2025 15:34

وزیراعظم کا وفاقی کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست 2025ء ) وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ خیبر پختونخواہ کے سیلاب متاثرین کیلئے عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں سے متعلق اجلاس ہوا ، وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے وفاقی اداروں کو مزید متحرک ہونے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہمیں متاثرہ لوگوں کی مدد و بحالی یقینی بنانی ہے، یہ سیاست نہیں بلکہ لوگوں کی خدمت کرنے کا وقت ہے، وفاقی حکومت وزیراعظم پیکیج کے تحت سیلاب متاثرین میں امدادی رقوم فراہم کرے گی، امدادی اشیاء کی تقسیم و بحالی کے آپریشن کی نگرانی وزیرِ امور کشمیر جبکہ بجلی، پانی اورسڑکوں کی بحالی کی نگرانی وفاقی وزراء کریں گے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ متعلقہ وزراء خیبر پختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان خود جائیں، این ایچ اے صوبائی یا قومی شاہراہوں میں تخصیص نہ کرے، امداد کیلئے راستے کھولنا پہلی ترجیح ہونی چاہیئے، وزیر بجلی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کامعائنہ کریں، این ڈی ایم اے فوری طور پر نقصانات کا حتمی جائزہ پیش کرے، امدادی اشیاء کی متاثرین میں تقسیم کا لائحہ عمل پیش کیا جائے، وزارت خزانہ این ڈی ایم اے کو ضروری وسائل فراہم کرے، آخری شخص تک مدد اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی تک وفاقی وزرا وہیں رہیں گے، وزرات صحت ادویات و ڈاکٹرز کی ٹیموں کو خیبر پختونخواہ بھیجے اور کیمپس قائم کیے جائیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بھی متاثرین کی مدد کیلئے متحرک کیا جائے۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مون سون کی حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سمیت خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا، ملک کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں، وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں جاری امدادی اور ریسکیو آپریشنز کا بھی جائزہ لیا گیا، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مؤثر انداز میں رابطہ کاری کی جا رہی ہے، این ڈی ایم اے کے ذریعے ابتدائی وارننگ سسٹم کے تحت متعلقہ حکام کو باقاعدگی سے ڈیٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔