عید پر ملک بھر میں ٹریفک حادثات میں 17 افراد جاں بحق، 62 زخمی

کہیں گاڑیاں ٹکرائی اور کھائی میں گریں تو کہیں لوگ ڈوب گئے

پیر 9 جون 2025 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)عید کی خوشیاں کئی گھروں میں غم میں بدل گئیں، ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک اور دیگر حادثات کے دوران کم از کم 17 افراد جاں بحق ،62 افراد زخمی ہو گئے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں افسوسناک حادثے میں ایک کار کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔گھوٹکی میں 2 مختلف حادثات میں 4 افراد جان سے گئے اور 8 افراد زخمی ہوئے، حادثہ موٹروے ایم فائیو پر پیش ا?یا جہاں تیز رفتار ٹرک الٹ گیا جبکہ دوسرے حادثے میں ڈہرکی بائی پاس پر ٹرالر کی زد میں آکر ایک خاتون دم توڑ گئی۔

پنجاب کے شہر لیہ میں تیررفتارمسافر بس باعث الٹ گئی، حادثے میں 2 افراد جان سے گئے جبکہ 26 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔جہلم میں 2 مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے، 2 موٹر سائیکل ا?پس میں ٹکرانے سے 4 افراد زخمی ہوئے جبکہ راٹھیاں جی ٹی روڈ پر تیز رفتار 2 گاڑیاں ٹکرانے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ننکانہ صاحب میں تیز رفتار کار درخت سے ٹکرا گئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

فیصل آباد میں ملت روڈ پر رکشہ الٹ گیا، حادثے میں ایک خاتون جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ خیرپور میں ٹرالر نے چنگچی رکشہ کو کچل دیا، حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔ادھر ہری پور میں تربیلا جھیل میں نہاتے ہوئے 4 بچے ڈوب گئے۔ مقامی افراد نے دو بچوں کو بچا لیا، ایک بچے کی لاش نکال لی گئی جبکہ ایک کی تلاش تاحال جاری ہے۔نوشہرو فیروز میں سانگی مائنر سے ایک بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے،لاش کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔