کوئٹہ ،90 فیصد عمومی طور پر پیدا ہونیوالا کچرا اور آلائشیں صاف کی جا چکی ہیں ،ضلعی انتظامیہ

پیر 9 جون 2025 20:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر شہر بھر میں صفائی و ستھرائی کا خصوصی آپریشن کامیابی سے جاری رہا میٹرو پولیٹن کارپوریشن حکام کے مطابق عید کے پہلے روز آلائشیں اٹھانے کا وسیع پیمانے پر آپریشن مکمل کیا گیا جس میں میونسپل کارپوریشن کے 1100 سے زائد افراد، جن میں ڈرائیورز، ہیلپرز اور نجی اداروں کے آلائشیں اٹھانے والے کارکن شامل تھے، نے حصہ لیا صفائی آپریشن کے لیے شہر میں 13 خصوصی کیمپ قائم کیے گئے جہاں فرنٹ اینڈ کلیکشن کے تحت آلائشیں جمع کی گئیں۔

تاہم شہریوں کی جانب سے صرف 10 فیصد آلائشیں کیمپوں تک پہنچائی گئیں جبکہ باقی 90 فیصد آلائشیں اور کوڑا کرکٹ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی گاڑیوں کے ذریعے گھروں اور گلی محلوں سے اٹھایا گیا حکام کے مطابق اب تک 90 فیصد عمومی طور پر پیدا ہونے والا کچرا اور آلائشیں صاف کی جا چکی ہیں شہر کے تمام کلیکشن پوائنٹس اور گلی کوچوں میں چونے کا چھڑکاؤ بھی مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ تعفن اور جراثیم کی افزائش پر قابو پایا جا سکے عید کے پہلے دن کے دوران تقریباً 1600 ٹن کچرا لینڈ فل سائٹ پر منتقل کیا گیا جبکہ حتمی ٹن وزن کی رپورٹ ابھی زیرِ تکمیل ہے۔

(جاری ہے)

یہ آپریشن عید کے چوتھے دن تک جاری رہے گا میٹرو پولیٹن کوئٹہ نے عوام سے گزارش کی ہے کہ صفائی کے عمل میں تعاون کرتے ہوئے آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھیں تاکہ شہر کو صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔