حجاج کی مدینہ منورہ آمد کے ساتھ ہی سیزن کے دوسرے آپریشنل منصوبوں پر عملدرآمد شروع

منگل 10 جون 2025 10:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) مناسک حج 2025 کے اختتام پر حجاج خوبصورت یادیں ساتھ لے کر مکہ سے اپنے ممالک روانہ ہو رہے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں حجاج مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں۔ایس پی اے کے مطابق مدینہ منورہ میں حکام نے حجاج کی مدینہ منورہ آمد کے ساتھ ہی سیزن کے دوسرے آپریشنل منصوبوں پر عملدرآمد شروع کردیا جس میں خدمات ،صحت، سکیورٹی کی کوششیں شامل ہیں ،حجاج حرمین ہائی سپیڈ ٹرین اور بسوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں، حرمین ٹرین سے مدینہ پہنچنے والے پہلے گروپ نے مسجد نبوی کی زیارت کی اور روضہ رسولﷺ پر حاضری دی، خادم حرمین شریفین پروگرام کے تحت فریضہ حج کے لیے آنے والے مہمان مناسک حج مکمل کرنے کے بعد مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔

علاوہ ازیں مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل پر حج سے قبل ایک کامیاب مرحلہ ریکارڈ کیا گیا، جس میں عازمین حج کو آسانی اور موثر طریقے سے وصول کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایئرپورٹ پر 53 ممالک کے 196 شہروں سے ایک ہزار 910 پروازوں کے ذریعے 7 لاکھ 19 ہزار400 عازمین کا خیرمقدم کیا گیا، جو اس حج سیزن میں فضائی راستے سے آنے والے عازمین کا 49 فیصد ہے۔

جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے مملکت کی بین الاقوامی فضائی، زمینی اوربحری پورٹس پر حجاج کی روانگی کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے لیے اپنی تیاری کی تصدیق کی، جس میں جدید سکیورٹی نظام اور تربیت یافتہ اہلکاروں کی مدد حاصل ہے۔ قائم مقام ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المربع نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حج ٹرمینل کا دورہ کیا اور حجاج کی روانگی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

سعودی وزیر ٹرانسپورٹ، لاجسٹک صالح الجاسر نے بھی جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔یاد رہے کہ سعودی حکام نے رواں سال حج سیزن کی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔سعودی جنرل اتھارٹی برائےشماریات کے مطابق رواں سال 16 لاکھ 73 ہزار 230 افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔ بیرون مملکت سے 15 لاکھ 6 ہزار 576 حجاج سعودی عرب آنے جبکہ داخلی حجاج کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 654 رہی ہے۔