حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 8 افراد کے خلاف فیصلے جاری

خلاف ورزی میں استعمال گاڑیوں کو ضبط کرنے کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی،بیان

منگل 10 جون 2025 15:37

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)سعودی عرب میں حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 8 افراد کے خلاف فیصلے جاری کردیئے گئے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے حج پرمٹ کے بغیر 21 افراد کو مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش کرنے والے ایک غیرملکی اور7 سعودی شہریوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔وزارت نے سیزنل انتظامی کمیٹیوں کے ذریعے ٹرانسپورٹرز، ان کے معاونین اور پرمٹ کے بغیر مکہ جانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف انتظامی فیصلے جاری کئے ۔

(جاری ہے)

سزاوں میں قید، ایک لاکھ ریال تک جرمانہ، ٹرانسپورٹرز کی تشہیر، غیرملکیوں کی بے دخلی کے ساتھ 10 برس دوبارہ داخلے پر پابندی شامل ہے۔خلاف ورزی میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کرنے کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی۔پرمٹ کے بغیر مکہ میں داخلے کی کوشش پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ ہے۔وزارت کی جانب سے سعودی شہریوں اور غیرملکیوں کو حج قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کا مقصد عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔