Live Updates

بجٹ دستاویز ،فنانس بل کا جائزہ لیا جارہا ہے ،تفصیلی رد عمل دیا جائے گا‘ خادم حسین

ٹیکسز کی چھوٹ، مراعات کی وجہ سے قومی خزانے کو5,840.2ارب کا نقصان ہوا ‘رکن فائونڈر گروپ

منگل 10 جون 2025 15:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)فائونڈر گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ بجٹ دستاویز اور فنانس بل کا غور سے جائزہ لیا جارہا ہے جس پر تفصیلی رد عمل دیا جائے گا ،اقتصادی سروے کے اعدادوشمار کے مطابق حکومت کو معاشی ترقی کے لئے ابھی بڑے اقدامات اٹھانا ہوں گے ،مختلف کاروباری اداروں، شعبوں،صنعتوں، لابیوں،گروپس اور سرمایہ کاروں کو دی گئی مجموعی ٹیکس چھوٹ، مراعات،کم شرح، زیرو ریٹنگ اور خصوصی ٹیکس سہولتوں کے باعث مالی سال 2024-25میں 5,840.2ارب روپے کا نقصان ہوا جو کہ 2023-24میں 3,879.2ارب روپے کے مقابلے میں 1,961ارب روپے کے اضافے کو ظاہر کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے حکومت کے بعض اقدامات قابل ستائش ہیں تاہم کچھ تجاویز کے حوالے سے تحفظات ہیں جنہیں تفصیل کے ساتھ حکومت کے سامنے رکھا جائے گا ۔ حکومت سے اپیل ہے کہ بجٹ پر اسٹیک ہولڈرز کے جو تحفظات سامنے آرہے ہیں انہیں سن کر انہیں حل کیا جائے اور پھر بجٹ دستاویز کی قومی اسمبلی سے منظوری لی جائے ۔ خادم حسین نے مزید کہا کہ ماربل گرینائٹ سمیت پتھروں کی صنعت کے حوالے سے حکومت کو جو تجاویز دی گئی تھیں انہیں زیر غور نہیں لایا گیا جس پر گہری تشویش ہے ۔یہ ایک ایسی صنعت ہے جس پر توجہ مرکوز کر کے حکومت اربوں ڈالر کا قیمتی زر مبادلہ حاصل کر سکتی ہے ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات