Live Updates

محفوظ پنجاب وژن، ٹریفک پولیس راولپنڈی نے بسوں کی چھتوں پر سفر کیخلاف کارروائی کا آغاز کر دیا

چھت پر مسافروں کو سوار کرنیوالے ڈرائیورز ،گاڑی مالکان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا ،سی ٹی او راولپنڈی

منگل 10 جون 2025 22:34

محفوظ پنجاب وژن، ٹریفک پولیس راولپنڈی نے بسوں کی چھتوں پر سفر کیخلاف ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن محفوظ پنجاب کی روشنی میں سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے بسوں کی چھتوں پر سفر کے خطرناک رجحان کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں ایسی گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے جن میں مسافروں کو چھتوں پر سوار کیا جا رہا ہے، بس کی چھت پر بیٹھ کر سفر کرنا نہ صرف قانونا جرم ہے بلکہ یہ مسافروں کی زندگیوں کے لیے ایک کھلا خطرہ بھی ہے۔

اس عمل کے باعث ماضی میں کئی جان لیوا حادثات رونما ہو چکے ہیں، جن میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ یہی وجہ ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ایسے خلاف قانون عمل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے مثر کارروائیاں شروع کی ہیں، سی ٹی او راولپنڈی نے تمام سرکل افسران، سیکٹر انچارجز اور ڈیوٹی افسران کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ شہر کے تمام بین الاضلاعی بس سٹینڈز، مرکزی شاہرائوں، اور ہائی ویز پر ایسی پبلک سروس گاڑیوں کی کڑی نگرانی کی جائے جو اپنی گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کو سوار کر رہی ہیں،اس ضمن میں شہریوں کو بھی آگاہ کیا جا رہا ہے کہ بسوں کی چھتوں پر بیٹھنا اپنی جان خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف اڈہ جات پر ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کو آگاہی جبکہ ایجوکیشن وِنگ کے ذریعے پبلک سروس ڈرائیورز کو باقاعدہ لیکچرز دیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اس خطرناک عمل سے باز رہیں،سی ٹی او راولپنڈی کے مطابق چھت پر مسافروں کو سوار کرنے والے ڈرائیورز اور گاڑی مالکان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات کے تحت ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا اور ایسے کیسز میں گاڑیاں بند کی جائیں گی۔

سٹی ٹریفک پولیس نے پچھلے چند دنوں میں متعدد گاڑیوں کو بند کیا اور قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی،اسی طرح، تمام پبلک ٹرانسپورٹ یونینز کو بھی آگاہ کیا جا چکا ہے کہ وہ اپنے ڈرائیورز کو سختی سے ہدایت دیں کہ کسی بھی صورت میں چھت پر مسافروں کو سوار نہ کریں۔ اس خلاف ورزی کی صورت میں ٹریفک پولیس کی جانب سے بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی،سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ چھت پر سفر کرنے سے گریز کریں، اس عمل سے نہ صرف آپ اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ اگر ایسی کسی خلاف ورزی کو دیکھیں تو فوری طور پر ٹریفک پولیس کی شکایت سیل 051-9274843 پر اطلاع دیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات