کمشنر پنجاب سوشل سیکیورٹی محمد علی کا سوشل سیکیورٹی ہسپتال اسلام آباد کا اچانک دورہ ، مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا

منگل 10 جون 2025 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) کمشنر پنجاب سوشل سیکیورٹی محمد علی نے سوشل سیکیورٹی ہسپتال اسلام آباد کا اچانک دورہ کیا ۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور سیکشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری، یونیفارم کی پابندی، صفائی ستھرائی، ریکارڈ کی ترتیب، ادویات کی دستیابی اور مجموعی سروس ڈیلیوری کے معیار کو چیک کیا اور اپنے گزشتہ دورے کے موقع پر دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

کمشنر محمد علی نے ہسپتال میں صفائی کے معیار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صفائی کا معیار بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے آئی سی یو میں اے سی خراب ہونے پر ہسپتال ایم ایس کو اے سی فوری ٹھیک کرانے اور آئی سی یو کو مکمل فنکشنل کرنے کے احکامات دئیے۔ کمشنر محمد علی نے یکم جولائی سے ہسپتال میں شام کی شفٹ کو مکمل طور پر بحال کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں۔ انہوں نے ڈیوٹی سے بغیر اطلاع غیر حاضری پر شام کی شفٹ کے ڈی ایم ایس کو فوری طور معطل کر دیا ۔ کمشنر محمد علی نے غیر حاضر ڈاکٹروں اور سٹاف کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔