حیدرآباد نسیم نگر پولیس نے انتہائی مطلوب بہروپیے و فراڈی ملزم محمد فرحان شمیم صدیقی کو گرفتار کر لیا

منگل 10 جون 2025 21:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء) حیدرآباد نسیم نگر پولیس نے انتہائی مطلوب بہروپیے و فراڈی ملزم محمد فرحان شمیم صدیقی کو گرفتار کر لیا، ملزم کے قبضے سے جعلی شناختی و دستاویزات برآمد لوئی ہیں۔پولیس کے مطابق انچارج چیک پوسٹ نسیم نگر انسپکٹر عبد المالک ابڑو نے اپنے اسٹاف کے ساتھ دوران پیٹرولنگ خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور سندھ پولیس کو انتہائی مطلوب بہروپیے و فراڈی ملزم فرحان شمیم صدیقی کو گرفتار کر لیا جو مختلف روپ بدل کر لوگوں کے ساتھ کروڑوں روپے کا فراڈ کر چکا ہے، گرفتار ملزم کے قبضے سے مختلف جعلی شناختی کارڈ و دیگر دستاویزات برآمد ہوئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم مختلف ناموں اور بھیس بدل کر لوگوں کے ساتھ فراڈ کرتا تھا، ملزم کا اصل نام محمد فرحان شمیم ولد محمد شمیم ہے جبکہ ملزم شوکت عزیز خان، حبیب الرحمن کے ناموں کا استعمال کر کے لوگوں کے ساتھ فراڈ کرتا تھا، 21 دسمبر 2024 کو ملزم نے شہری منصف علی سے ٹویوٹا کار 37 لاکھ میں خریدی جس کی ادائیگی پے آرڈر کی صورت میں کی گئی بعد ازاں معلوم ہوا کہ مذکورہ پے آرڈر اور شناختی کارڈ دونوں جعلی ہیں، چند روز بعد ملزم نے ٹویوٹا کار کراچی کے شو روم مالک کو فروخت کر دی، ملزم کے خلاف معزز عدالت کی جانب سے ناقابل ضمانت گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری ہیں، ملزم سے متعلق مزید معلومات اور کرمنل ریکارڈ چیک کیا گیا جس کے مطابق ملزم کے خلاف کراچی و دیگر اضلاع میں جعلسازی، فراڈ کے متعدد مقدمات درج ہیں۔