Live Updates

بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان کی چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سے ملاقات

منگل 10 جون 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ممبر اسٹیٹ، ممبر فنانس اور سی ڈی اے کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی قیادت میں اسلام آباد کی خوبصورتی اور ترقی کیلئے کئے گئے سی ڈی اے کے شاندار اقدامات کو سراہا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے خصوصاً اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان سسٹر سٹی کا تعلق قائم کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی تجویز پیش کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کی تجویز کا خیر مقدم کیا اور ان کو اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان سسٹر سٹی کیلئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پاکستان اپنے برادرانہ ملک بنگلہ دیش کو انتہائی قدر اور عزت کی نظر سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ لفٹ اور تزئین و آرائش کے حوالے نہ صرف مناسب منصوبہ بندی کررہا ہے بلکہ جلد ہی ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ لفٹنگ اور تزئین و آرائش کے کام کا آغاز بھی کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے لینڈ سکیپنگ کے معروف ماہرین کی نہ صرف خدمات حاصل کی جارہی ہیں بلکہ ڈپلومیٹک انکلیو کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مزید ترقی اور خوبصورتی میں اضافہ کیا جائے گا۔ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین نے سی ڈی اے کی ڈپلومیٹک اپ لفٹنگ کے منصوبہ کو سراہا ۔ملاقات کے اختتام پر دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات