Live Updates

پاکستان مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کی مقامی قیادت کا وفاقی بجٹ 26-2025 کو متوازن اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم

منگل 10 جون 2025 23:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کی مقامی قیادت نے وفاقی بجٹ 26-2025 کو متوازن اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ بجٹ وزیر اعظم شہباز شریف کی مدبرانہ اور دور اندیش قیادت کا عملی مظہر ہے جس میں تمام طبقات کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری ، رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، طاہرہ اورنگزیب ، رکن صوبائی اسمبلی محمد حنیف ایڈووکیٹ، ضیاء اللہ شاہ، ملک افتخار اور دیگر رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کر کے متوسط اور محنت کش طبقے کو براہ راست فائدہ پہنچایا گیا ہے جو مہنگائی کے اس دور میں ایک خوش آئند اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں کمزور اور نچلے طبقے کی بہتری کو ترجیح دی ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے مختص رقم میں 21 فیصد اضافہ اور کفالت پروگرام کو ایک کروڑ مستحق افراد تک توسیع دینا قابل ستائش اقدامات ہیں جن سے غربت میں کمی آئے گی اور سماجی تحفظ کا دائرہ وسیع ہو گا۔ رہنماؤں نے کہا کہ تعلیمی وظائف میں خاطر خواہ اضافہ کر کے طلبہ کو فائدہ پہنچانے کا منصوبہ نہ صرف تعلیم کے فروغ کا ذریعہ ہے بلکہ یہ بچوں کو اسکولوں سے جوڑے رکھنے کے لیے ایک مؤثر حکمت عملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں کاروباری طبقے، خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے سازگار اقدامات کیے گئے ہیں جن سے ملکی معیشت میں استحکام اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مراعات ملک کی معاشی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جائیداد سے متعلقہ ٹیکسوں میں کمی کی تجاویز دے کر عوامی ریلیف کو ترجیح دی گئی ہے جو نہ صرف پراپرٹی مارکیٹ میں بہتری لائے گا بلکہ متوسط طبقے کے افراد کے لیے گھر کی ملکیت کا خواب پورا کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔

آخر میں مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کی قیادت نے امید ظاہر کی کہ یہ بجٹ نہ صرف معاشی استحکام اور روزگار کے مواقع میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ عوامی توقعات پر بھی پورا اترے گا اور ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات