حج سیزن میں مشاعر مقدسہ ٹرین سے 18 لاکھ افراد نے سفر کیا

بدھ 11 جون 2025 11:10

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) سعودی ریلوے(سار) نے کہا ہے کہ حج 2025 کے دوران مشاعر مقدسہ ٹرین سے حجاج اور حج حکام سمیت تقریبا18 لاکھ افراد نے سفر کیا۔اردو نیوز کے مطابق سعودی ریلوے نے بیان میں کہا کہ7 ذوالحجہ سے ایام تشریق کے اختتام 13 ذوالحجہ تک منی، مزدلفہ اور عرفات کے سٹیشنزکے درمیان مشاعر مقدسہ ٹرین نے دو ہزار154 ٹرپس کئے ۔

حج سیزن کے دوران مشاعر ٹرین کے آپریشنل پلان میں پانچ اہم مراحل شامل تھے۔ پہلے مرحلے میں 7 سے 8 ذوالحجہ تک تمام سٹیشنزسے 27 ہزار افراد نے سفر کیا۔دوسرے مرحلے میں دو لاکھ 82 ہزار حجاج کو منی سے عرفات پہنچایا گیا جبکہ تیسرے مرحلے میں دو لاکھ 94 ہزار حجاج کو عرفات سے مزدلفہ پہنچایا گیا۔چوتھے مرحلے میں تین لاکھ 49 ہزار سے زیادہ حجاج کو مزدلفہ سے منی جبکہ آخری مرحلہ کو ایام تشریق کے آخری دن غروب آفتاب تک جاری رہا ۔

(جاری ہے)

منٰی اور جمرات سٹیشن سے 9 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ حجاج کی نقل و حرکت ریکارڈ کی گئی۔سعودی ریلوے کے سی ای او ڈاکٹر بشار الملک نے سعودی قیادت کی سپورٹ اور با اختیار بنانے کی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ آپریشنل پلان کی کامیابی سار کے ملازمین کی کوششوں آپریشنل اور سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ موثر ہم آہنگی کو ظاہر کرتی ہے۔ مشاعر مقدسہ ٹرین کے ذریعے دو لاکھ 49 ہزار حجاج کوعرفات سے مزدلفہ پہنچایا گیا جبکہ تین لاکھ 49 ہزار حجاج کو مزدلفہ سے منی پہنچایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ مشاعر مقدسہ ٹرین کی رفتار 50 سے 70 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ ریلوے ٹریک 1.8 کلو میٹر طویل ہے، ٹرین مکمل ایئرکنڈیشنڈ ہے جسے مملکت کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔مشاعر مقدسہ ٹرین منٰی، مزدلفہ اور عرفات کے درمیان شٹل سروس کی طرح کام کرتی ہے، اس میں 12 بوگیاں ہیں اور ہر ایک میں 250 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔مشاعر ٹرین 2010 سے کام کر رہی ہے، یہ صرف حج کے دنوں میں منیٰ، مزدلفہ اور عرفات کے درمیان چلائی جاتی ہے۔