عیدالاضحٰی پر مثالی صفائی انتظامات، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا

بدھ 11 جون 2025 12:43

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) صوبائی وزیر بلدیات زیشان رفیق نے عیدالاضحٰی کے موقع پر سرگودہا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں مثالی صفائی انتظامات پر سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سی ای او رانا شاہد عمران کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا۔ اس سلسلے میں لاہور میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں سیکرٹری بلدیات راؤ شکیل احمد سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور بلدیاتی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ عیدالاضحٰی کے دوران آلائشوں کی بروقت صفائی، شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ اور جدید مشینری کے استعمال نے ایس ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی کو نمایاں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہری سہولیات کی فراہمی میں بہتری لانے کے لیے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کر رہی ہے اور جو ادارے بہتر کام کریں گے انہیں بھرپور سراہا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ رانا شاہد عمران اور ان کی ٹیم نے جس محنت، جانفشانی اور حکمتِ عملی سے صفائی آپریشن کو کامیاب بنایا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران نے تعریفی سرٹیفکیٹ ملنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔