دہشتگردی کی سازش کا الزام، پاکستانی شہری کو کینیڈا سے امریکا بدر کر دیا گیا

بدھ 11 جون 2025 15:51

اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) دہشت گردی کی سازش کے ملزم پاکستانی شہری شاہ زیب خان کو کینیڈا سے امریکا بدر کردیا گیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق محمد شاہ زیب خان کو شاہ زیب جدون کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق شاہ زیب نے نیویارک کے علاقے بروکلین میں ایک یہودی مرکز پر حملے کی سازش کی تھی اور نیویارک ہی میں اس پر فردجرم داخل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق شاہ زیب خان نے سازش میں شریک کرنے کیلئے جن افراد سے رابطہ کیا ان میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے کے 2 خفیہ اہلکار بھی شامل تھے۔ دعوی کیا گیا ہے کہ شاہ زیب خان نے ایک موقع پر کہا تھا کہ اگر ہم اس منصوبے میں کامیاب رہے تو یہ نائن الیون کے بعد امریکا کی سرزمین پر سب سے بڑا حملہ ہوگا۔شاہ زیب خان کو نیویارک کے جنوبی ڈسٹرکٹ میں شکایت درج ہونے پر ستمبر سن 2024 کو کینیڈا میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔یہ کارروائی اس وقت کی گئی تھی جب شاہ زیب خان کینیڈا کی سرحد سے مبینہ طورپر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔