حافظ آباد زیادتی کیس: ملزم کے انکائونٹر میں مارے جانے کا خدشہ، بھائی نے درخواست دائر کردی

تین ملزمان کو پولیس مقابلے میں مارا جا چکا ، عدالت پولیس کو ملزم اکرام کو پیش کرنے کا حکم دے، درخواست

بدھ 11 جون 2025 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) حافظ آباد میں خاتون کو شوہر کے سامنے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کے کیس میں نیا موڑ، ایک ملزم کے بھائی نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔درخواست گزار محمد اعظم نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ اس کے بھائی اکرام کو پولیس نے خاتون سے زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا ہے تاہم اسے جعلی پولیس مقابلے میں مارنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں انسپکٹر جنرل پولیس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پولیس کو حکم دیا جائے کہ وہ ملزم اکرام کو عدالت میں پیش کرے اور اس کی ممکنہ ماورائے عدالت ہلاکت کو روکا جائے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اس سے قبل اسی کیس میں ملوث تین ملزمان، خاور منصب، خاور فیاض اور لئیق کو پولیس مقابلے میں مارا جا چکا ہے، جس سے خدشہ ہے کہ اکرام کو مارا جا سکتا ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے درخواست کو ابتدائی سماعت کے لیے منظور کر لیا ہے جس پر مزید کارروائی آئندہ سماعت پر متوقع ہے۔