پولیو کے قطرے پینے سے رہ جانیوالے بچوں کی فہرست تیار کی جائے ،ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ

بدھ 11 جون 2025 18:21

عمرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمٰن لاڑک کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں گزشتہ پولیو NID (نیشنل امیونائزیشن ڈے) مئی 2025 کی پوسٹ مہم کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا، اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمٰن لاڑک نے کہا کہ وہ بچے جو پولیو مہم کے دوران پولیو کے قطرے پینے سے رہ گئے ہوں یا دوسرے علاقوں میں چلے گئے ہوں، ان بچوں کی فہرست متعلقہ ضلع کے ڈی پی سی آر کو بھیجی جائے تاکہ ان بچوں کی کوریج ممکن بنائی جا سکے، انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ اگر پولیو مہم کے دوران کسی بھی مقام پر کوئی دشواری پیش آئے تو فوری طور پر پہلے مرحلے میں متعلقہ یونین کونسل کے نمائندوں سے رابطہ کیا جائے اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان یونین کونسلوں میں جہاں پولیو کی کوریج کم رہی ہے، وہاں مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے اور آئندہ پولیو مہم کے دوران ان علاقوں کی 100 فیصد کوریج کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد علی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کے دوران جو بھی ویکسینیٹر اپنا کام انجام نہیں دے رہے، ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے، شوکاز نوٹس جاری کیا جائے اور رپورٹ پیش کی جائے، ان کا کہنا تھا کہ پولیو ایک قومی فریضہ ہے اور اس مہم میں کام کرنے والے پولیو ورکرز اور افسران کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹی بہترین طریقے سے انجام دیں، اس موقع پر انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ پولیو مہم کے دوران مانیٹرنگ کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے اور ایسے والدین جو اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلاتے، ان کی بہتر انداز میں کونسلنگ کر کے انہیں پابند بنایا جائے، اجلاس کے دوران پولیو کے ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر وجے کمار کتری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ پولیو مہم کے دوران 11,817 ایسے بچوں کو کور کیا گیا جو مہمان کے طور پر علاقے میں موجود تھے، انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کی NID کے دوران 14,881 بچوں کی کوریج ہوئی، جبکہ کیچ اپ ڈے پر 10,687 بچوں کو کور کیا گیا، انہوں نے مزید بتایا کہ مئی کی NID میں زیرو ڈوز کے بچوں کی کوریج 93 فیصد رہی، انہوں نے کہا کہ گزشتہ پولیو مہم کے دوران کچھ یونین کونسلوں میں کوریج کم رہی، جن میں دھورو نارو، غریب آباد، کپلور، کھوکھراپار اور دیگر علاقے شامل ہیں، انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ پولیو ویکسین کی کولڈ چین کو برقرار رکھنے کے لیے کچھ نئے آئیس پیکٹ کی ضرورت ہے، اجلاس میں ضلع کونسل عمرکوٹ کے چیئرمین حاجی محمد بقا پلی، اسسٹنٹ کمشنر عمرکوٹ رجب علی سٹھیو، اسسٹنٹ کمشنر سامارو و پتھورو سنجے کمار ترکیو، اسسٹنٹ کمشنر کنری محمد خان، ڈی ایچ او عمرکوٹ ڈاکٹر محمد علی، ای پی آئی کے فوکل پرسن ڈاکٹر شیر مہر، پی پی ایچ آئی کے ڈی ایم، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ہریش چندر کتری، ڈبلیو ایچ او کے فوکل پرسن ڈاکٹر درگا شنکر، ڈی ایس پی عمرکوٹ تصور جٹ، سی ایم او میونسپل کمیٹی عمرکوٹ سید ساجد شاہ، ڈپٹی ڈی او سائیں زمان شاہ، ڈاکٹر لیکراج مل سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

\378

متعلقہ عنوان :