وفاقی وزیر برائے بحری امور کا نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ، نیول چیف سے ملاقات،میری ٹائم صورتحال پر گفتگو

بدھ 11 جون 2025 19:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور نے نیول ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران موجودہ میری ٹائم صورتحال، علاقائی میری ٹائم سکیورٹی اور بحر ہند کے خطے میں پاک بحریہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے میری ٹائم اکانومی کے امکانات اور ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی کے لیے اس کی اہمیت پر بھی بات چیت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے پاکستان کے بحری شعبے کے فروغ اور ترقی میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔بعد ازاں، وفاقی وزیر کو پاکستان کے بحری مفادات، چیلنجز، مواقع اور وزارت بحری امور کے تعاون سے پاک بحریہ کے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ معزز مہمان کو پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس(PIMEC) کے آنے والے دوسرے ایڈیشن (PIMEC-2025) کی تیاریوں اور پاکستان کے بحری شعبے سے متعلق آگہی اور مجموعی معاشی ترقی کے لیے بلیو اکانومی کے فروغ میں کے کردار سے آگاہ کیا گیا۔