وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ

بدھ 11 جون 2025 19:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2025ء)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت وزارت داخلہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، نادرا، پاسپورٹ، ایف آئی اے سمیت وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ مام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے، تمام ادارے ایک دوسرے کی استعداد کار سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن اور ڈیٹا کا بروقت تبادلہ انتہائی اہم ہے، مختلف اداروں کے بیرون ملک سفارت خانوں میں تعینات افسران وزارت کے دیگر اداروں کو بھی معاونت فراہم کر سکتے ہیں، تمام اداروں کی افرادی قوت سے بھرپور استفادہ کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہا کہ باہمی کوآرڈینیشن بہتر ہونے سے عوام کے ساتھ حکومت کو بھی فائدہ پہنچے گا، تربیتی کورسز میں صرف میرٹ پر پورا اترنے والے افسران کو نامزد کیا جائے تاکہ متعلقہ افسران کی استعداد کار میں اضافہ ہو۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام اداروں کو اس سلسلے میں اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی، انکا کہنا تھا کہ سیکرٹری داخلہ ان سفارشات کے تناظر میں جامع پلان مرتب کریں گے۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز. نادرا۔ اینٹی نارکوٹکس کنٹرول۔ ایف آئی اے۔ فرنٹیئر کور۔ فرنٹیئر کانسٹیبلری۔ رینجرز۔ نیشنل پولیس اکیڈمی۔ نیشنل پولیس بیورو۔ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی۔ اسلام آباد پولیس کے سربراہان اجلاس میں شریک ہوئے۔