چنیوٹ ،ضلعی انتظامیہ نے پبلک ٹرانسپورٹس میں عوام کا سفر محفوظ بنانے کیلئے بسوں کی چھتوں پر سواریوں کو بٹھانے پر پابندی عائد کر دی ہے

بدھ 11 جون 2025 22:08

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پرضلعی انتظامیہ نے پبلک ٹرانسپورٹس میں عوام کا سفر محفوظ بنانے کیلئے بسوں کی چھتوں پر سواریوں کو بٹھانے پر پابندی عائد کر دی ہے ، اوورلوڈنگ کرنے والی گاڑیاں بند کردی جائیں گی۔ضلعی انتظامیہ چنیوٹ نیریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کو احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد کے ہمراہ حکم نامہ پر عمل درآمد بارے سیکرٹری آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس افسران سے ہنگامی میٹنگ کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں اوورلوڈنگ اور سواریوں کو چھتوں پر بٹھانا حادثات میں اضافے کا بڑا سبب ہے ، جس کے سدباب کے لئے فوری مشترکہ سکواڈ تشکیل دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی اوور چارجنگ بھی کسی صورت برداشت نہیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس نے شاہرات پر مسافروں سے اوورلوڈ گاڑیاں بندکرادیں،گاڑیوں کے چالان،ڈرائیورز کو بھاری جرمانے کئے گئے۔چھتوں پر مسافر بٹھانے اور گاڑیوں کے اندر اوورلوڈنگ کرنے والے جیل جائیں گے۔\378