صادق آباد۔گھریلو ملازمہ قتل کیس میں میاں بیوی ملزمان گرفتار

بدھ 11 جون 2025 22:47

صادق آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) تھانہ صدر پولیس رحیم یارخان نے گھریلو ملازمہ قتل کیس میں میاں بیوی ملزمان کو گرفتار کر لیا، گلشن اقبال رحیم یارخان کے شہرام بلال نے تشدد شدہ نعش والدہ غسل و کفن میں والدہ کے حوالے کی تھی۔ انکشاف پر ورثاء نے پولیس کو اطلاع دے دی، پولیس نے گھر چھوڑ کر فرار ہونے والے میاں بیوی ملزمان کو ٹیکنیکل طریقہ کار سے ٹریس کرتے ہوئے گرفتار کیا۔

تفصیل کے مطابق 13/14 سالہ سمیہ بی بی جو کہ خان پور کی رہائشی تھی گزشتہ تین سال سے گلشن اقبال کے شہرام بلال کے گھر ملازمہ تھی اور دن رات ان کے پاس رہ رہی تھی، گزشتہ سے پیوستہ روز شہرام بلال خان پور گیا جہاں پر سمیہ کی والدہ حسینہ مائی کو بتلایا کہ اس کی بیٹی فوت ہو گئی ہے اور وہ انہیں لینے آیا ہے اور انہیں ساتھ لا کر رحیم یارخان گلشن اقبال اپنے گھر سے سمیہ کی غسل و کفن شدہ میت ان کے حوالے کر دی ،گھر پہنچنے پر جب انہوں نے روشنی میں دیکھا تو میت پر تشدد کے نشانات موجود تھے جس پر انہوں نے پکار 15 پر پولیس کو اطلاع کی۔

(جاری ہے)

ڈی پی او عرفان علی سموں نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا جس پر تھانہ صدر رحیم یارخان پولیس نے جائزہ لیتے ہوئے متوفیہ مقتولہ سمیہ کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرتے ہوئے سمیہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا اور ٹیکنیکل بنیادوں پر ملزمان میاں بیوی جو کہ گھر کو تالے لگا کر فرار ہو چکے تھے کو ٹریس کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا، ڈی پی او عرفان علی سموں کا کہنا ہے کہ سمیہ کیس کو میرٹ اور سائنسی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا یابی کرواتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔\378