Live Updates

حکومت سندھ کا مزید بسوں کی خریداری اور ای وی ٹیکسیوں اور اسکوٹرز کے لیے خاطر خواہ بجٹ مختص کرنے کا فیصلہ

بدھ 11 جون 2025 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) حکومت سندھ نے آئندہ مالی سال 2025-26میں مزید بسوں کی خریداری اور ای وی ٹیکسیوں اور اسکوٹرز کے لیے خاطر خواہ بجٹ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس کراچی میں ہوا۔

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت مختلف منصوبوں پیپلز بس سروس، ای وی اسکوٹرز سمیت دیگر امور کا ایک جامع جائزہ لیا گیا اور ای وی گاڑیوں کے لیے مختلف مقامات پر چارجنگ انفراسٹرکچر کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو محکمہ ٹرانسپورٹ کے مالی سال 2024-25 کے منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور آئندہ مالی سال میں مجوزہ منصوبوں پر بھی جامع بات چیت کی گئی۔ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف سرمایہ کاروں کی جانب سے بس سروس شروع کرنے کے بارے میں بھی آگہی دی گء۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ یلو لائن بی آر ٹی کے اہم حصے جام صادق پل کا کام مکمل ہے، حالیہ ماہ افتتاح کر سکتے ہیں۔ اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن بی آر ٹی کی جلد تکمیل کے کام میں مزید تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام کے لیے پرعزم اور عوام کے لئے ماحول دوست اور سستی سفری سہولیات کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لئے مزید بسیں جلد پہنچنے کی امید ہے، کراچی کے شہریوں کے ڈبل ڈیکر بسز بھی لا رہے ہیں، ہم نے کراچی میں ای وی بسز، پیپلز بس سروس جیسے کامیاب منصوبے شروع کئے، صوبہ سندھ کے کونے کونے میں یہ نیٹ ورک بچھانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ہر شہری کو جدید سفری سہولیات میسر ہوں، حکومت سندھ نے جو منصوبے شروع کرئے ہیں ان کا مقصد ٹریفک کو منظم کرنا اور ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات