سی ڈی اے ملازمین کے اعزاز میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کی صفائی و ستھرائی کے بہترین انتظامات کرنے پر استقبالیہ تقریب

بدھ 11 جون 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) سی ڈی اے ملازمین کی طرف سے عیدالاضحیٰ کے موقع پرآلائشوں کی منتقلی اور شہر کی صفائی و ستھرائی کے بہترین انتظامات کرنے پر ان کے اعزاز میں کنونشن سینٹر میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ بدھ کو منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی،سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) خرم آغا،چیئرمین سی ڈی اے وچیف کمشنر چوہدری محمد علی رندھاوا،آئی جی پولیس سید علی ناصر رضوی،ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے طلعت محمود،ممبرپلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین سمیت دیگر افسران و ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر سی ڈ ی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہمیشہ کی طرح سی ڈی اے ملازمین نے اپنی خدمات سرانجام دیتے ہوئے اعلیٰ مثال قائم کی جس کی تعریف شہر کے ہر مکتبہ فکرکے لوگوں نے کی اور ادارے کی کارکردگی کو سراہا اور یقیناً یہ دن رات محنت کشوں کے کام کی وجہ سے ممکن ہوا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے وزیر داخلہ سید محسن نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر چوہدری محمد علی رندھاوا سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کو ان کی اعلیٰ کارکردگی پر ایک ایک بنیادی تنخواہ اور ٹھیکیدار کے ساتھ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو پندرہ ہزار روپے بطور اعزازیہ دیا جائے جس پر وزیر داخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے نے مطالبہ منظورکرتے ہوئے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ڈیوٹی کرنے والے ملازمین کے لیے ایک بنیادی تنخواہ اور ٹھیکیدارکے ساتھ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو پندرہ ہزار روپے بطور اعزازیہ دینے کا اعلان کیا جس سے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے حوصلہ افزائی کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔