سی ٹی ڈی کی خفیہ اطلاع پر قاسم آباد کی ریونیو کالونی میں چھاپہ مار کارروائی، کالعدم تنظیم کے 2 ملزمان گرفتار

بدھ 11 جون 2025 21:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر قاسم آباد کی ریونیو کالونی میں چھاپہ مار کارروائی کرکے کالعدم تنظیم جسمم/ ایس ایل اے سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان فراز احمد ولد ریاض حسین اور عبدالرحمان چانڈیو عرف جگنو ولد نظر علی کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی سندھ کے مطابق دونوں ملزمان کافی عرصہ سے مختلف کیسز میں مطلوب اور روپوش تھے جن کے خلاف مقدمات درج ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے 16 اپریل کو سی ٹی ڈی حیدرآباد پولیس پارٹی پر لونی کوٹ کے قریب فائرنگ کی تھی، اس کے علاوہ پنجاب جانے والی گاڑیوں کو نقصان پہچانے سمیت پیٹرول بموں سے حملے کرنے جیسی سنگین وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق گرفتار دہشتگرد فراز نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا کہ اس نے اپنے دیگر مفرور ساتھیوں کے ہمراہ اپنے پسٹل سے پولیس پارٹی پر حملہ کیا تھا، جو پسٹل اب یونس چانگ کے پاس ہے اور ہم سب واقعہ کے بعد روپوش ہوگئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشتگردوں نے انکشاف کیا کہ 16 اور 17 اپریل کی رات وہ اور کالعدم تنظیم ایس آر اے کے دیگر ساتھی ایس آر اے کے دہشتگرد سنی بھٹی کے گھر ٹھہرے تھے جو کہ فورتھ شیڈول پرسن ہے اور وہاں پر ہی پورا پلان بنایا تھا۔ ترجمان کے مطابق سنی بھٹی پر فورتھ شیڈول کی ایس او پی کی خلاف ورزی پر سی ٹی ڈی حیدرآباد نے نسیم نگر تھانے میں مقدمہ درج کروایا ہے۔ دوسری جانب دیگر روپوش ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے۔