وزیر اعلیٰ کے گرین ویژن پر عمل درآمد جاری ، پارکوں میں گرین کمپین اور ماحول دوست اقدامات کیے جارہے ہیں،کمشنر ملتان

جمعرات 12 جون 2025 11:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) کمشنر ملتان عامر کریم نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے گرین ویژن پر عمل درآمد جاری ہے، شہر کے پارکوں میں گرین کمپین اور ماحول دوست اقدامات کیے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی ایچ اے کریم بخش کے ہمراہ عام خاص باغ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے باغ میں اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔

ا ن کا کہنا تھا کہ تاریخی باغ میں معلوماتی بورڈز نصب ہوں گے جس سے شہریوں کو تاریخ سے آگہی ملے گی۔انہوں نے بارہ دری میں جدید لائٹس لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رات کو اس جگہ لائٹس خوبصورت دکھائی دیں گی۔ کمشنر نے ڈسٹ بنز کی مرمت و رنگ و روغن کا حکم دیتے ہوئے صفائی کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر بھر کے پارکوں میں گرین کمپین اور ماحول دوست اقدامات جاری ہیں،پی ایچ اے کی ٹیمیں پارکوں کی تزئین و آرائش میں مصروف ہیں، عام خاص باغ میں فیملیز کو مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صاف،سرسبز و محفوظ ماحول دینا اولین ترجیح ہے۔ کمشنر نے کہا کہ ملتان کے تاریخی پارک جدید سہولیات سے آراستہ کئے جا رہے ہیں،گرین مہم میں عوامی شرکت بھی یقینی بنائی جائے گی۔ڈی جی پی ایچ اے کریم بخش نے پارکوں کی بہتری پر بریفنگ میں بتایا کہ عام خاص باغ کے داخلی راستے پر ٹائلز کی تنصیب کی جارہی ، پارکوں میں شہری سہولتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔اس موقع پر دیگر افسران بھی موجود تھے۔