فیصل آباد،مویشی پال حضرات کو برسات سے قبل گائیوں، بھینسوں کو گل گھوٹو بیماری سے بچائو کے لئے حفاظتی ٹیکے لگوا نے کی ہدایت

جمعرات 12 جون 2025 15:59

مکوآنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)محکمہ لائیو سٹاک نے مویشی پال حضرات کو برسات سے قبل گائیوں اور بھینسوں کو گل گھوٹو سمیت ہر قسم کی بیماریوں سے بچائو کے لئے حفاظتی ٹیکے لگوا نے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹرقیصر خلیق نے بتا یا ہے کہ موسمی اثرات کے زیر اثر گل گھوٹو کا مرض کسی بھی وقت ہوسکتا ہے اور چھوٹی عمر کے مویشی اس مرض میں مبتلا ہو کرجلد ہلاک ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گل گھوٹو کا مرض بیمار جانوروں کی رال، گوبراور جراثیم آلود خوراک سے تندرست مویشیوں میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گائیوں اور بھینسوں میں گلے کی سوزش، تیز بخار، نتھنے پھولنے، سانس کے ساتھ مخصوص خراٹے دار آواز آنے اور آنکھوں سے آنسو بہنے کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر جانوروں کو گل گھوٹو سے بچا کے ٹیکے لگوانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے لہذالائیو سٹاک فارمرز کو چاہیے کہ وہ اس ضمن میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں اور حفاظتی ٹیکے لگوانے کیلئے قریبی ویٹرنری ہسپتالوں یا ڈسپنسریز سے رابطہ کیا جا ئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے لہذا مویشی پال حضرات کسی بھی ایمرجنسی، رہنمائی، مشاورت، معلومات کے لئے صبح9 سے شام5 بجے تک ہیلپ لائن نمبر0800-78686 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :