بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئر پورٹ پر ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ گرکر تباہ

جمعرات 12 جون 2025 16:06

احمد آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) بھارتی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کے لئے پرواز کرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابابق برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے خبر دی ہے کہ طیارے میں 242مسافر سوار تھے۔ طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن (برطانیہ) کے لیے روانہ ہوئی تھی، انڈیا ٹوڈے کے مطابق طیارے کو حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا، تاہم بھارتی میڈیا میں طیارے میں سوار مسافروں کی تعداد کے حوالے سے مختلف اعداد و شمار سامنے آرہے ہیں، حادثے کے مقام سے دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایئرانڈیا کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب رہائشی آبادی کے قریب گرا ہے، تاہم اب تک نقصان کی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔ پروازوں کی ٹریکنگ کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار کی جانب سے ’ ایکس’ پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایئر انڈیا کی پرواز AI171 کے احمد آباد سے لندن جاتے ہوئے حادثے کی اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں، ہمیں طیارے سے آخری سگنل 08:08:51 یو ٹی سی پر موصول ہوا تھا، جو ٹیک آف کے چند سیکنڈ بعد کا تھا۔حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر تھا، جس کا رجسٹریشن نمبر VT-ANB ہے۔حادثے کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔