مشرق وسطی میں کشیدگی، خام تیل کی قیمتیں دو ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

جمعرات 12 جون 2025 16:09

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مشرق وسطی سے امریکی عملے کے انخلا کے اعلان نے خطے میں ایران سے ممکنہ تنازعے کے خدشات کو مزید ہوا دے دی ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں جمعرات کے روز معمولی مگر مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے تیل کی فراہمی متاثر ہونے کا اندیشہ بڑھ گیا۔

(جاری ہے)

امریکی ٹی وی کے مطابق بین الاقوامی برینٹ خام تیل (کروڈ آئل) کے سودے 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 69.92 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے، جب کہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 68.37 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔ بدھ کے روز دونوں اشاریے ایک ہی دن میں 4 فیصد سے زائد کا اضافہ دکھا چکے ہیں، جو اپریل کے اوائل کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔