Live Updates

جبری مشقت کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، بچوں سے مشقت لینا معاشرتی ناسور اور ناقابلِ معافی جرم ہے ،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پیغام

جمعرات 12 جون 2025 17:40

جبری مشقت کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، بچوں سے مشقت لینا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بچے قوم کا روشن مستقبل ہیں اور جبری مشقت کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، بچوں سے مشقت لینا معاشرتی ناسور اور ناقابلِ معافی جرم ہے جس کے خلاف مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انسداد چائلڈ لیبر ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چائلڈ لیبر بچوں کے محفوظ مستقبل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اس کا مکمل خاتمہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئینِ پاکستان حقوق کے تحفظ اور بہتر معیارِ زندگی کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے اور ہر بچے کا یہ بنیادی حق ہے کہ اسے تعلیم، تحفظ، کھیل اور صحت مند زندگی میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو جبری مشقت سے محفوظ، تعلیم دوست اور پرامن ماحول فراہم کرنا ہم سب کا فرض ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے ہر سطح پر سنجیدہ اقدامات کئے جانے چاہئیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمان بچوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے مؤثر قانون سازی اور اقدامات کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مشقت سے بچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے تاکہ وہ ایک محفوظ، تعلیم یافتہ اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمان بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے قانون سازی اور دیگر اقدامات عمل میں لا رہی ہے تاکہ معاشرے میں چائلڈ لیبر کے ناسور کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے لئے میڈیا، سول سوسائٹی اور عوام کا یکجا ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو بطور قوم یہ عہد کرنا ہو گا کہ ہر بچے کو تعلیم، تحفظ اور بہتر زندگی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے اپنی اجتماعی اور انفرادی ذمہ داری پوری کریں گے تاکہ پاکستان کو ایک روشن، محفوظ اور ترقی یافتہ مستقبل کی جانب گامزن کیا جا سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات