Live Updates

آٹومیکانیکا استنبول 2025 کا آغاز ، 13 پاکستانی ایکسپورٹرز کی شرکت

جمعرات 12 جون 2025 17:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء) آٹومیکانیکا استنبول 2025 کا آغاز جمعرات کو ترکی کے شہر استنبول میں واقع ٹی یو یے پی فیئر اینڈ کانگریس سینٹر میں ہوگیا۔ یہ بین الاقوامی آٹوموٹیو نمائش 15 جون 2025 تک جاری رہے گی، جو دنیا بھر کے آٹو پارٹس مینوفیکچررز اور خریداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر رہی ہے۔نمائش کے 18ویں ایڈیشن میں 47 ممالک سے 1,481 سے زائد بین الاقوامی نمائش کنندگان اور 25,000 سے زیادہ وزیٹرز کی شرکت متوقع ہے۔

اس عالمی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی 13 کمپنیوں نے بھی اپنی جگہ بنائی ہے، جن میں سے 12 کو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کی معاونت حاصل ہے، جبکہ اوسا کا بیٹریز نے آزادانہ طور پر شرکت کی ہے۔پاکستانی کمپنیوں کے لیے ایک خصوصی ’’پاکستان پویلین‘‘ قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد پاکستان کی آٹوموٹیو انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی برآمدی صلاحیت کو اجاگر کرنا ہے۔

(جاری ہے)

شرکت کرنے والی کمپنیوں میں ایڈم جی انجینئرنگ، میچ لیس انجینئرنگ، احمد ٹریڈرز، ایم جی اے انڈسٹریز، میٹلائن انڈسٹریز، رستگار انجینئرنگ، راوی آٹوز شیخوپورہ، تھرموسول، سلور فالکن انجینئرنگ، رائل ٹیک، ایس این اے انڈسٹریز، اور دی جنرل ٹائرز شامل ہیں۔ترکی میں پاکستان کے قونصل جنرل جناب نعمان اسلم نے بھی نمائش کا دورہ کیا اور پاکستانی نمائندگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ 15 سالوں سے اس نمائش میں باقاعدگی سے شرکت کر رہا ہے اور وبا کے بعد پاکستانی کمپنیوں میں ایک نیا جوش و جذبہ دیکھنے کو ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی کی اسٹریٹجک لوکیشن اور لاجسٹک سہولیات پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہیں۔آٹومیکانیکا استنبول 2025 ترکی کی آٹوموٹیو سپلائی انڈسٹری کو مستقبل کی موویلیٹی کی جانب لے جانے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو رہی ہے۔ یہاں جدید ٹیکنالوجی، پائیدار حل اور ایڈوانس مینوفیکچرنگ کے رجحانات پر توجہ دی جا رہی ہے۔پاکستانی کمپنیوں کی موجودگی نے نہ صرف ملکی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں اجاگر کیا ہے بلکہ نئے کاروباری روابط قائم کرنے کے امکانات بھی روشن کیے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات