وفاقی ایپکس کمیٹی اور صوبائی ایپکس کمیٹیوں کی روشنی میں تشکیل دی گئی ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی عمرکوٹ کا اجلاس

جمعرات 12 جون 2025 21:14

عمرکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) وفاقی ایپکس کمیٹی اور صوبائی ایپکس کمیٹیوں کی روشنی میں تشکیل دی گئی ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی عمرکوٹ کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین و ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نویدالرحمن لاڑک کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا، اس موقع پر اجلاس میں کمیٹی کے ممبران پاک فوج کے کیپٹن کامران، اسسٹنٹ کمشنر سامارو و پٹھورو سنجے کمار ترکیو، اسسٹنٹ کمشنر کنری محمد خان، ڈی ایس پی عمرکوٹ تصور جٹ، ایکسین حیسکو امتیاز میمن، کسٹمز پولیس انسپکٹر، نارکوٹکس انسپکٹر، محکمہ ایکسائز عمرکوٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نور محمد شیخ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد اسلم بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر ویمن ڈیولپمنٹ طارق احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل ہائی ویز اتھارٹی خالد میمن، آئی بی، آئی ایس آئی، ایم آئی، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر حساس اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نویدالرحمن لاڑک نے کہا کہ غلط معلومات کو روکنا نہایت ضروری ہے تاکہ حکومت کی رٹ قائم رہ سکے اور عوام کو درست معلومات مہیا کی جا سکیں، انہوں نے ہدایت کی کہ عمرکوٹ ضلع میں اگر کوئی غیر قانونی پیٹرول پمپ چل رہا ہو تو اسے فوری طور پر سیل کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے تاکہ وہ جرائم سے بچ سکیں کیونکہ نوجوان ہی ملک کا سرمایہ ہیں، ڈپٹی کمشنر نے کمیٹی کے تمام اراکین کو ہدایت دی کہ ریاست یا اداروں کے خلاف کسی بھی قسم کی غلط پروپیگنڈا یا غیر تصدیق شدہ معلومات پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ایسی معلومات سامنے آئیں تو فوراً اس فورم کو آگاہ کیا جائے، انہوں نے کسٹمز اور نارکوٹکس پولیس کو اپنی گشت میں اضافہ کرنے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر غیر قانونی پیٹرول پمپس کو سیل کرنے اور نان کسٹم اشیاء کو فوری روکنے کی ہدایت کی، انہوں نے سندھ پولیس کو ہدایت دی کہ منشیات پر قابو پایا جائے اور نوجوان نسل کو نشے سے بچایا جائے، اس موقع پر اجلاس میں شریک اداروں کے اہلکاروں سے کارکردگی رپورٹس بھی لی گئیں، اس موقع پر ایکسین حیسکو امتیاز میمن نے اجلاس کو بتایا کہ بجلی چوری روکنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور عمرکوٹ شہر میں 8 ٹرانسفارمرز کی تاروں کو کیبلز پر منتقل کر دیا گیا ہے، ایکسائز انسپکٹر نے بتایا کہ گزشتہ مہینے میں 887 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، جن میں 07 گاڑیاں ڈیفالٹر تھیں، جن کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے اور اب تک 463,267 روپے کا ٹیکس وصول کیا جا چکا ہے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ شہروں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز کیا جائے اور اس کی رپورٹ پیش کی جائے، انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام کو ہدایت دی کہ عمرکوٹ تا کھوکھراپار روڈ پر موٹروے پولیس کے اہلکار تعینات کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ تمام مدارس کو نئے رجسٹریشن ایکٹ کے تحت رجسٹر کیا جائے اور ان میں زیر تعلیم طلبہ و اساتذہ کے مکمل اعداد و شمار مرتب کرکے رپورٹ دی جائے، انہوں نے مزید کہا کہ مقامی آبادی میں اگر کوئی غیر متعلقہ شخص نظر آئے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے۔

\378