دھی رانی پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ، اجتماعی شادیوں کی تعداد 3سے بڑھا کر 5 ہزار کرنے کی منظوری دی گئی

جمعرات 12 جون 2025 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر دھی رانی پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا ،جس میں آئندہ مالی سال کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں متفقہ طور پر اجتماعی شادیوں کی سالانہ تعداد کو 3000سے بڑھا کر 5000کرنے کی منظوری دی گئی۔

مزید برآں روایتی شادی کے تحائف کے بجائے ہر جوڑے کو دھی رانی کارڈ کے ذریعے دو لاکھ روپے نقد رقم فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا،اجتماعی شادیوں کی تقریبات نومبر 2025تا 15 فروری 2026کے دوران منعقد ہوں گی اور رمضان المبارک سے قبل تمام 5000شادیاں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے اس مقصد کے لیے 1.7 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جس پر اجلاس میں اظہار تشکر کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود، ڈی جی طارق قریشی، تمام ڈویڑنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ سہیل شوکت بٹ نے پروگرام کے پہلے سال میں کامیابی سے 3000شادیاں مکمل کرنے پر سیکرٹری، ڈی جی، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور آر پی اوز کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دھی رانی پروگرام اب پنجاب کی بیٹیوں کے دل کی آواز بن چکا ہے، انشااللہ اکتوبر تک تمام مستحق جوڑوں کی فزیکل ویریفکیشن مکمل کر لی جائے گی۔