Live Updates

پاکستان بچوں کے کینسر کی مفت ادویات کے عالمی پروگرام کا حصہ بن گیا

جمعرات 12 جون 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)پاکستان کو گلوبل پلیٹ فارم فار ایکسیس ٹو چائلڈ ہڈ کینسر میڈیسنز کے 2025ء کے پروگرام میں شامل کرلیا گیا ہے جس کے تحت ملک میں اگلے سال بچوں کے کینسر کی مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔وزیر صحت ڈاکٹر مصطفی کمال نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور سینٹ جوڈ چلڈرنز ریسرچ اسپتال کے وفد سے ملاقات میں اس انتخاب کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کیلیے باعث فخر ہے کہ اسے اس اہم عالمی پروگرام کے لیے منتخب کیا گیا۔وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال 8,000 سے زائد بچوں میں کینسر کی تشخیص ہوتی ہے، جن میں سے بہت سے ادویات کی عدم دستیابی کے باعث جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ کینسر کے شکار بچوں کو بروقت اور مثر علاج کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر مصطفی کمال نے کہا کہ GPACCM کے ذریعے پاکستان عالمی وسائل سے فائدہ اٹھا کر مقامی چیلنجز پر قابو پاسکے گا۔ انہوں نے اس کامیاب انتخاب پر تمام متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے گلوبل پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔یہ پروگرام خاص طور پر ان بچوں کے لیے امید کی کرن ہے جو کینسر کے علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔

وزارت صحت کے مطابق، اس اقدام سے نہ صرف بچوں کی اموات میں کمی آئے گی بلکہ کینسر کے علاج کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔ماہرین صحت نے کہا ہے کہ پاکستان میں کینسر کے شکار بچوں کی بڑی تعداد علاج کی سہولیات نہ ہونے کے باعث بروقت تشخیص اور علاج سے محروم رہ جاتی ہے۔ اس عالمی تعاون سے ملک میں پیڈیاٹرک کینسر کیئر کے شعبے میں انقلاب آ سکتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات