ظلم و ناانصافی کے خلاف جدوجہد تیز کریں گے ،ْ بلدیاتی اداروں کو اختیارات و وسائل منتقل کیے جائیں ،ْمنعم ظفر خان

وفاقی وصوبائی حکومتوں اور حکمران پارٹیوں کی ذمہ داری ہے کہ بجلی و پانی ،ٹرانسپورٹ اور تعلیم وصحت سمیت دیگر مسائل حل کریں ضلع غربی میں استقبالیہ سے مدثر حسین انصاری ، مولانا عبد الوحید اور عبد الحنان خان کا خطاب ،ْ مہم چرم قربانی میں حصہ لینے والوں کو شیلڈز پیش کی گئیں

جمعرات 12 جون 2025 21:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو اختیارات ووسائل منتقل کیے بغیر عوامی مسائل حل نہیں ہوسکتے، کراچی میں بجلی وپانی ،سڑکوں کی خستہ حالی ،ٹرانسپورٹ اور تعلیم سمیت بے شمار مسائل ہیں جنہیں حل کرنا وفاقی وصوبائی حکومتوں اور حکمران پارٹیوں کی ذمہ داری ہے ۔

عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد اور مزاحمت جاری رکھیں گے، اہل غزہ وفلسطین کی حمایت وعوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔ حکمرانوں نے ہر شعبہ میں ظلم اور لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے،حقوق کراچی مہم کو از سر نو منظم اورتیز کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت مہم چرم قربانی میں حصہ لینے والے کارکنان وطلبہ کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

استقبالیہ سے امیرجماعت اسلامی ضلع غربی مدثر انصاری ، جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید ،سیکرٹری ضلع عبد الحنان خان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ وکارکنان کو ستائشی ویادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔منعم ظفر خان نے بنگلہ دیش کی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مصائب اور مشکالات اہل حق کو کمزور نہیں کرتیں،ان کے ذریعے وہ کندن بن کر نکلتے ہیں، پوری دنیانے اہل غزہ کی عزیمت کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، غزہ میں ناقابل یقین داستانیں رقم ہوئی ہیں اوریہی مومن کا شعارہے،ہم اقامت دین کی جدوجہد کے داعی ہیں اوراللہ کی رضا اصل مقصود ہے۔

کارکنان نے عید الاضحی پر ضرورت مندوں کے لیے اپنی عید قربان کی اور بڑی تعداد میں کھالیں جمع ہوئیں جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ مدثر انصاری نے کہا کہ ملک میں قرآن کی بالادستی نہیں، اللہ کے احکامات سے اعلانیہ روگردانی کی جارہی ہے، سودی نظام چل رہا ہے ،ہر ادارہ ظلم کرنے پرتلا ہوا ہے، کے الیکٹرک ہو، واٹر بورڈ یا کوئی دوسرا حکومتی ادارہ ہو سب کی روش ظالمانہ ہے، جماعت اسلامی اس ظلم کو برداشت نہیں کرسکتی، ہم اللہ سے بغاوت پرمبنی نظام کو قبول نہیں کریں گے، کلمہ پڑھنے والا کبھی ظلم برداشت نہیں کرسکتا،ہماری جدو جہد کا مقصد اللہ کی حاکمیت کو قائم کرنا ہے، مدثر انصاری نے کھالوں میں اضافے پر عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اسے کارکنان کی محنت وجدوجہد کا ثمر قرار دیا ۔

مولانا عبد الوحید نے کہا کہ انسانوں کی مدد اللہ کی رضا کا ذریعہ ہونی چاہیے، اخلاص کے ساتھ جدو جہد ہی کامیابی کی ضمانت ہے، اہل کراچی نے جماعت اسلامی اور الخدمت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔