Live Updates

اسرائیل نے اپنے تلخ اور دردناک تقدیر کی بنیاد رکھ دی ہے، آیت اللہ خامنہ ای

اسرائیل کو حملے کی سخت سزا ملے گی،دشمن نے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی فطرت کو پہلے سے زیادہ بے نقاب کر دیا، اسرائیل نے اپنے لیے تلخ اور تکلیف دہ قسمت کا انتخاب کیا ہے،ایران کے رہبر انقلاب کا اسرائیلی فضائی حملوں کے جواب میں ردعمل

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 13 جون 2025 11:35

اسرائیل نے اپنے تلخ اور دردناک تقدیر کی بنیاد رکھ دی ہے، آیت اللہ خامنہ ..
تہران(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جون 2025)ایران کے رہبر انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے صیہونی فضائیہ کے حملوں پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے اپنے تلخ اور دردناک تقدیر کی بنیاد رکھ دی ہے،اسرائیل کو حملے کی سخت سزا ملے گی،ایرانی سپریم لیڈر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح صہیونی ریاست نے ہماری سرزمین پر شیطانی اور خون آلود ہاتھوں سے ایک سنگین جرم کا ارتکاب کیا۔

دشمن نے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی فطرت کو پہلے سے زیادہ بے نقاب کر دیا۔انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں۔للہ نے چاہا تو ایران کی مسلح افواج کے مضبوط بازو اسرائیل کو سزا دیئے بغیر نہیں رکیں گے۔آیت اللّٰہ خامنہ ای نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل کے حملے میں کئی کمانڈر اور سائنسدان شہید ہوئے ہیں، ان کمانڈرز اور سائنس دانوں کے جانشین اپنے فرائض انجام دے کر مشن جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا ہے کہ اسرائیل نے اپنے لیے تلخ اور تکلیف دہ قسمت کا انتخاب کیا ہے اور اس میں شک ہی نہیں کہ اسے یہ سزا ضرور ملے گی۔سپریم لیڈر نے کہا کہ اسرائیل سزا کے لیے تیار رہے، ایران کی مسلح افواج دشمن کے اس حملے کا جواب دیں گی۔صہیونی حکومت نے اپنے خون آلود ہاتھوں سے ہمارے عزیز وطن میں جرم کا ارتکاب کیا، اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی شیطانی فطرت کو مزید آشکار کر دیا۔

رہبرِ انقلاب نے اپنے بیان میں زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت کو ایک سخت جواب کا انتظار کرنا چاہیے۔قبل ازیں ایرانی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے نمائندے ابراہیم رضائی نے اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں کہا تھا کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر الرٹ ہے، تہران میں متعدد رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی حملے میں ہلاکتوں کا اطلاعات ہیں۔

ایران نے اعلان کیا ہے کہ تل ابیب کی کارروائیوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا، تیاری مکمل کر لی ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کر دیا، فضائی حملوں میں جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا جس میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات