محرم الحرام سکیورٹی،آئی جی پنجاب سے فوج و رینجرز کی تعیناتی اور موبائل سگنلز کی بندش بارے سفارشات طلب

جمعہ 13 جون 2025 12:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے پرامن اور محفوظ انعقاد کیلئے جامع منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔ محرم مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ای پورٹل تشکیل دیا گیا ہے اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پانچ روز کے اندر مجالس، جلوس، حساس مقامات، زباں بندی و ضلع بندی سمیت تمام معلومات اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ نے پولیس اور انتظامیہ کو بھی سکیورٹی سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ آئی جی پنجاب کو ہدایت دی گئی ہے کہ حساس مقامات پر پولیس کی امداد کیلئے فوج و رینجرز کی مطلوبہ تعداد بارے مطلع کریں جبکہ حساس مقامات پر موبائل سگنلز بند کرنے کی تجاویز بھی طلب کی گئی ہیں۔ لاڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام کیلئے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ سانڈ سسٹم ریگولیشن ایکٹ 2015 کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کا پلان تیار کرنے اور ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹیوں کے ذریعے اس پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام ڈپٹی کمشنرز اشتعال انگیز مقررین کی زباں بندی و ضلع بندی کیلئے تازہ فہرست مرتب کر کے 5 روز میں محکمہ داخلہ کو ارسال کریں گے۔

پنجاب بھر میں انتظامیہ اور پولیس کو حساس مقامات کی نشاندہی کر کے فول پروف انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح ہدایت کی ہے کہ یکم تا 10 محرم الحرام تمام مکاتب فکر کی تقریبات کیلئے الگ الگ سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے تاکہ کسی کوتاہی کی گنجائش باقی نہ رہے۔ فرقہ وارانہ کشیدگی کی روک تھام کیلئے محکمہ اوقاف کو ڈویژنل سطح پر اتحاد بین المسلمین کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

صوبہ بھر میں انتظامیہ کو جلوسوں کے روٹس پر بجلی کی لٹکتی تاروں کو سمیٹنے اور خطرناک تاروں کو کلئیر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ طے شدہ مقامات کے علاوہ کسی اور جگہ جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہوگی اور تمام مجالس و جلوسوں کی مکمل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔ امن وامان کے قیام کیلئے صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔