Live Updates

ہرصحت مند شہری بالخصوص نوجوان خون کا عطیہ دے کر انسانیت کی خدمت کرے، وزیراعظم

جمعہ 13 جون 2025 22:38

ہرصحت مند شہری بالخصوص نوجوان خون کا عطیہ دے کر انسانیت کی خدمت کرے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خون عطیہ کرنے والے رضاکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہر صحت مند شہری بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خون کا عطیہ دے کر انسانیت کی خدمت کریں۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 14 جون 2025ء کو خون عطیہ کرنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہر سال 14 جون کو خون عطیہ کرنے والوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے، یہ دن رضاکارانہ طور پر لوگوں کی مدد کرنے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، جو لاکھوں انسانوں کو جینے کا دوسرا موقع دینے کے عظیم مقصد میں شامل ہونے کے لیے بے لوث خون کا عطیہ دیتے ہیں، یہ دن نہ صرف دنیا بھر کے رضاکاروں کی طرف سے اظہار تشکر ہے بلکہ خون کے عطیات کو جاری رکھنے کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ خون دیں، امید دیں،مل کر ہم زندگیاں بچائیںورلڈ بلڈ ڈونر ڈے 2025 کا تھیم ہے جو مریضوں میں زندگی کی امید جگانے کے لیے باقاعدگی سے خون کے عطیات کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خون کے عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،خون کا عطیہ، انسانیت کے لیے ہمدردی کا عکاس ہونے کے علاوہ کسی بھی ملک کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے لیے ایک ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ جراحی، بچوں کی پیدائش اور سرطان اور خون کی کمی جیسی سنگین بیماریوں میں مبتلا مریضوں کیلئے باقاعدگی سے خون کے عطیات کی اہم ضرورت کے بارے میں عوامی آگاہی میں اضافے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان کو خون کے محدود عطیات کی وجہ سے خون کی دستیابی کی قلت کا سامنا ہے، حکومت پاکستان اس صورتحال کے بارے میں پوری طرح حساس ہے اور نیشنل بلڈ ٹرانسفیوڑن پروگرام (این بی ٹی پی) کے ذریعے خون کے عطیات سے متعلق آگاہی مہم کا مقصد اس چیلنج سے نمٹنا ہے تاہم اس بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مضبوط اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں خون کے عطیات دینے والوں میں صرف 10 فیصد ہیں اور باقی خون کے عطیات مریضوں کے رشتہ داروں اور دوستوں کی طرف سے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ہر صحت مند اور ہمدرد شہری بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے شہری فرض کو سمجھتے ہوئے خون کا عطیہ دے کر انسانیت کی خدمت کریں،وزیر اعظم نے خون کا عطیہ کرنے والے نجی اداروں کی تعریف کی جو ضرورت مند مریضوں کے لیے مناسب خون کا عطیہ فراہم کرنے کے اس عظیم مقصد میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر محفوظ اور صحت مند پاکستان بنائیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات